چندی گڑھ،3؍فروری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )پنجاب اسمبلی کے 117ارکان کے انتخاب کے لیے ریاست کی عوام آج ووٹ ڈالے گی۔اس انتخاب میں جہاں شرومنی اکالی دل اور بی جے پی اتحاد کو اپنی 10سالہ حکومت کے بعد اقتدار مخالف لہر کا سامنا کر نا پڑرہا ہے اور اس کی کوشش اقتدار میں واپسی کی ہوگی، وہیں اسے کانگریس اور عام آدمی پارٹی سے سخت چیلنج بھی مل رہا ہے۔مودی حکومت کے نوٹ بند ی کے فیصلے کے بعد یہ پہلا الیکشن ہو رہا ہے،اس سے پہلے انتخابات میں 1.98کروڑ لوگ اپنے حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ریاست میں پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے نیم فوجی دستوں کی200سے زیادہ کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔قابل ذکر ہے کہ یہاں انتخابی مہم ختم ہونے سے مشکل سے دو دن پہلے ایک کار بم دھماکہ ہوا تھا ، جس میں 6 افراد کی موت ہو گئی تھی ، پنجاب پولیس نے اس واقعہ کے دہشت گردانہ واقعہ ہونے کے امکان سے انکار نہیں کیاہے ۔الیکشن آفس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ الیکشن کمیشن منصفانہ اور پرامن پولنگ کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح سے تیار ہے۔امرتسر لوک سبھا سیٹ کے لیے بھی کل ضمنی الیکشن ہوگا ۔پنجاب میں شرومنی اکالی دل - بی جے پی اتحاد، کانگریس اور آپ کے درمیان سہ رخی مقابلہ کی امید ہے۔آپ کا دعوی ہے کہ وہ دہلی والی اپنی کامیابی کو ریاست میں دوہرائے گی ، جہاں 2015کے انتخابات میں اس نے کانگریس اور بی جے پی کا سوپڑا صاف کر دیا تھا۔